ملیشیا میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے شدید آگ لگنے کی خبر ہے۔ آگ اتنی بھیانک لگی کہ اس کے اونچے اونچے شعلے آسمان کو چھوتے ہوئے دکھائی دیئے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ لگنے کا یہ واقعہ ویڈیو میں قید ہو گیا جو سوشل میڈیا پر کافی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ گیس پائپ لائن کا پھٹنا بتایا جا رہا ہے۔
ملیشیا میں آتشزدگی کا یہ حادثہ کوالالمپور کے باہر ملیشیائی مضافات میں پیش آیا ہے۔ شروعاتی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ گیس پائپ لائن پھٹنا بتایا گیا ہے، حالانکہ یہ گیس پائپ لائن کیوں اور کیسے پھٹی؟ اس کا صحیح پتہ ابھی تک نہیں چل سکا ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ بھی ابھی پتہ نہیں چل سکی ہے۔ پولیس آگ پھیلنے کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پُترا ہائٹس میں ایک گیس اسٹیشن کے پاس لگی آگ کئی کلومیٹر تک پھیل گئی۔ آگ کی اونچی اونچی لپٹوں کو دور سے ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی سیلنگور کے درجنوں فائر بریگیڈ کے افسروں کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا۔ آگ کے غبار اور دھوئیں کے انبار کے فوٹو اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
ملیشیا کے سیلنگور واقع فائر بریگیڈ اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کے مطابق آج صبح سُوبانگ جیا میں پُترا ہائٹس کے پاس گیس پائپ لائن میں شدید آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ 8:10 بجے کا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کر دی۔ مگر آگ کے تیز شعلے کم ہونے کا نام نہیں لے رہے تھے۔
ایک خبر کے مطابق پائپ لائن لیک ہونے کی وجہ سے آگ لگی جس سے پائپ لائن کا 500 میٹر کا حصہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ آگ رہائشی علاقوں کے پاس لگی تھی، جس سے اس کے شعلے کئی گھروں تک پہنچ گئے۔ آناً فاناً میں سبھی گھروں کو خالی کروایا گیا۔ اس ریسکیو آپریشن میں 7 لوگوں کی جان بچا لی گئی ہے۔ حادثے میں ابھی تک کسی طرح کی جانی ومالی نقصان کی خبر نہیں ہے۔