Jadid Khabar

ٹیرف کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اسٹاک مارکیٹ نے لگائی بڑی چھلانگ

Thumb

ممبئی، 2 اپریل (یو این آئی) امریکی ٹیرف پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود مقامی سطح پر ہمہ جہت خرید کی بدولت اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ روز کی افراتفری سے سنبھل کر آج بڑی چھلانگ لگائی۔
30 شیئرز پر مشتمل بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 592.93 پوائنٹس یا 0.78 فیصد چھلانگ لگا کر 76,617.44 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) نفٹی 166.65 پوائنٹس یا 0.72 فیصد اضافے کے ساتھ 23332.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کی طرح مڈ کیپ اور اسمال کیپ کمپنیوں کے حصص میں بھی کافی خرید و فروخت ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ 1.38 فیصد مضبوط ہو کر 41,667.65 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.99 فیصد بڑھ کر 47,136.15 پوائنٹ پر پہنچ گئی۔
اس عرصے کے دوران بی ایس ای پر کل 4085 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 2863 میں اضافہ، 1091 میں کمی اور 131 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح این ایس ای پر مجموعی طور پر 2977 کمپنیوں کا لین دین ہوا جن میں سے 2148 کی خرید اور 757 کی فروخت ہوئی جبکہ 72 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آج کے ٹیرف کے اعلان سے باہمی ٹیرف پر غیر یقینی صورتحال کچھ کم ہو سکتی ہے۔ لیکن یہ غیر یقینی صورتحال آج کے بعد بھی جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ ٹرمپ ماضی میں بار بار محصولات کے بارے میں اپنا موقف تبدیل کر چکے ہیں۔ سال کے آخر کی تیاریوں کی وجہ سے غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار (ایف آئی آئی) مارچ کے آخری چند تجارتی دنوں میں خریدار بن گئے۔ ایف آئی آئی کی خریداری کی قیادت میں شارٹ کورنگ نے مارچ میں ہندوستان کی کارکردگی کو آگے بڑھایا۔
اب صورت حال بدلتی نظر آ رہی ہے۔ پچھلے دو دنوں میں ایف آئی آئی نے کیش مارکیٹ میں 10,255 کروڑ روپے فروخت کیے، جس سے دوبارہ کمی شروع ہوئی۔ اس کا اثر کل نفٹی میں 353 پوائنٹس کی زبردست گراوٹ کی صورت میں دیکھا گیا۔
سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹیرف اور مارکیٹ کے رجحانات کی وضاحت کا انتظار کریں۔ اگر ٹیرف کے اعلانات توقع سے زیادہ سخت ہیں، تو مارکیٹ ایک اور بڑی فروخت دیکھ سکتی ہے۔ تاہم ایسی صورتحال میں بھی گھریلو استعمال سے متعلق شعبے مضبوط رہیں گے اور ان میں استحکام دیکھا جا سکتا ہے۔
بی ایس ای کے تمام 21 گروپوں میں تیزی کا رجحان رہا۔ رئیلٹی 3.62، کنزیومر ڈیوربلز 2.62، کموڈٹیز 0.78، سی ڈی 1.70، انرجی 0.17، ایف ایم سی جی 1.12، فنانشل سروسز 0.96، ہیلتھ کیئر 0.70، انڈسٹریز 0.36، آئی ٹی 0.93، ٹیلی کام، 20.30، آٹو 85، کیپٹل گڈز 0.15، میٹلز 0.42، آئل اینڈ گیس 0.28، پاور 0.55، ٹیک 1.18، سروسز 1.10 اور فوکسڈ آئی ٹی گروپ کے حصص میں 0.92 فیصد اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر ملا جلا موقف رہا۔ اس عرصے کے دوران برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں 0.85 فیصد، جرمنی کے ڈی اے ایکس میں 1.18 فیصد اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 0.02 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جبکہ جاپان کے نکیئی میں 0.28 فیصد اور چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا۔
یواین آئی۔ ظ ا