سری نگر، 2 اپریل(یو این آئی) جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور اس کی پُرخلوص قیادت نے روزِ اوّل سے عوام کو طاقت کا سرچشمہ تسلیم کیا ہے اور ہمیشہ اس اصول پر کاربند رہی ہے کہ حقیقی حکمرانی عوام کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں عوام کی ایک مضبوط آواز رہی ہے اور آج بھی عوامی مسائل اجاگر کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود اور معزز شہریوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے پارٹی لیڈران، ممبرانِ اسمبلی اور عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، کیونکہ عوامی حمایت ہی پارٹی کی مضبوطی اور بالادستی کی بنیاد ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو حاصل بھرپور مینڈیٹ عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا:"اللہ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت قائم ہو چکی ہے، اور پہلے دن سے ہی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔"
انہوں نے یقین دلایا کہ آہستہ آہستہ تمام انتخابی وعدے پورے کیے جائیں گے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کو جلد ہی ریاستی درجہ واپس ملے گا اور عوامی حکومت کو بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔