Jadid Khabar

'بجٹ سیشن میں ریکارڈ قائم ہوئے': رجیجو

Thumb

نئی دہلی، 4 اپریل (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نےپارلیمنٹ میں  آج ختم ہونے والے بجٹ اجلاس میں وقف (ترمیمی) بل پر دونوں ایوانوں میں ریکارڈ وقت تک ہونے والی بحث کو تاریخی قرار دیا اوراس میں  تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بغیر کسی التوا اور ہنگامے کے اس میں شرکت کی۔
مسٹر رجیجو نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وقف (ترمیمی) بل پر لوک سبھا میں 14 گھنٹے اور راجیہ سبھا میں تقریباً 17 گھنٹے تک بحث ہوئی۔ لوک سبھا میں  3 اپریل کی صبح 3 بجے تک اور راجیہ سبھا  میں آج صبح چار بجے تک کارروائی چلی اور اس میں کوئی رکاوٹ یا التوا نہیں ہوا۔ اس طرح سے ایک ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ اس سے پہلے کبھی کسی بل پر اتنی طویل بحث نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے وہ تمام اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں توقعات کے مطابق ووٹ ملے ہیں۔ راجیہ سبھا میں ایک پارٹی نے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو وہپ جاری نہیں کیا تھا اور انہیں ضمیر کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے کی آزادی دی تھی جس پر اس کے ممبران پارلیمنٹ نے حکومت کی حمایت کی۔ اگر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے وہپ جاری نہ کیا ہوتا تو حکومت کو زیادہ حمایت ملتی۔  انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعدد اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے نجی طور پر کہا تھا کہ اگر وہپ کی پابندی نہ ہوتی تو وہ بل کی حمایت کرتے۔
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر محترمہ گاندھی کا احترام کرتے ہیں، لیکن کانگریس کے بیان مین بل کو زبردستی بلڈوز کرکے پاس کرانے کی بات  غلط ہے۔ سب نے دیکھا ہے کہ دونوں ایوانوں میں طویل بحث ہوئی اور اسے قواعد کے مطابق تمام ترامیم کی تجاویز اور ووٹنگ کے ذریعے منظور کر لیا گیا۔ اس لیے لفظ بلڈوز کا استعمال نامناسب ہے۔

مسٹر رجیجو نے کہا کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 2025  جو   31 جنوری کو شروع ہوا تھا، چار اپریل 2025 کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔