حیدرآباد12اپریل(یواین آئی)تلنگانہ کے جوگولامبا گدوال ضلع کے چینوگونی پلی گاؤں کے بڑے تالاب میں 12 ٹن مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔ ماہی گیروں کی تنظیم جناکیشم سنگم سوسائٹی کے ارکان نے بتایا کہ گزشتہ رات ہوئی غیر موسمی بارش کے باعث گدوال شہر کا گندا پانی تالاب میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے مچھلیاں مر گئیں۔ سوسائٹی کے ارکان کے مطابق آئندہ دو تین دنوں میں ان مچھلیوں کو بازار لے جانا تھا، لیکن اس واقعہ کے سبب وہ سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بتایا گیا کہ اس سال حکومت کی جانب سے سبسیڈی نہ ملنے پر سوسائٹی کے ارکان نے اپنی ذاتی سرمایہ کاری سے تالاب میں مچھلیاں چھوڑی تھیں۔ ہر ہلاک شدہ مچھلی کا وزن تقریباً ایک سے دو کلوگرام تھا، اور اس نقصان کی مالیت تقریباً 10 سے 12 لاکھ روپئے بتائی جا رہی ہے۔