بھوپال، 16 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی حکومت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سمیت مختلف سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
راجیہ سبھا ایم پی مسٹر دگ وجے سنگھ نے یہاں میڈیا کو جاری پریس بیان میں کہا، "نہرو -گاندھی خاندان ملک کا واحد ایسا خاندان ہے جس نے 1930 سے لے کر آج تک اپنی دولت ملک کے حوالے کر رکھی ہے۔ انہوں نے کبھی بھی اپنے مفاد کے لیے کوئی دولت حاصل نہیں کی ہے۔ آج تک ان پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا ہے۔"
انہوں نے کہا، "بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس مل کر ای ڈی، انکم ٹیکس اور سی بی آئی کا سیاسی ہتھیار کے طور پر غلط استعمال کر رہے ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، نیشنل ہیرالڈ کیس میں نہرو- گاندھی خاندان نے اپنے اوپر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، انہوں نے اپنے کام کے لیے ایک روپیہ بھی استعمال نہیں کیا۔ خالصتاً یہ انسداد منی لا نڈرنگ کے قانون کے تحت مقدمہ نہیں ہے۔"
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، "خواہ ای ڈی، آئی ٹی، سی بی آئی اس کی جتنی بھی تحقیقات کریں، نیشنل ہیرالڈ کے معاملے میں، کسی بھی اکاؤنٹ سے، چاہے پنڈت جواہر لعل نہرو کے وقت سے، آج تک نہرو- گاندھی خاندان کے کسی فرد نے ذاتی طور پر ایک روپیہ، ایک پیسہ بھی استعمال نہيں کیا ہے، اس لیے آج جو کچھ بھی ہوا ہے، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میں ملک بھر کے تمام کارکنوں سے اور خاص طور پر مدھیہ پردیش کے کارکنوں درخواست کرتا ہوں کہ آج ای ڈی کے دفتر پر احتجاج کریں اور اگر آپ آج پرامن احتجاج کرنے کے لیے وہاں تک پہنچنے سے قاصر ہیں، تو ویڈیو شیئر کریں اور اپنا احتجاج درج کرائیں۔