پٹنہ، 13 مارچ (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل اور بیہٹا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے تعمیراتی کام کو تیز کریں۔
مسٹر کمار نے جمعرات کو یہاں جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے کے زیر تعمیر ٹرمینل کا معائنہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے کیفے ٹیریا، جدید لاؤنج، پارکنگ، چیک ان کاؤنٹر سمیت ٹرمینل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ تمام کام اس سال جون تک مکمل ہوجائیں گے۔ یہاں 11 ایرو اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگ تعمیراتی کام کا مسلسل معائنہ کر رہے ہیں۔ بقیہ کام جلد مکمل کریں تاکہ مسافروں کو یہاں مزید سہولت مل سکے۔ مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر اس ایئرپورٹ کو وسعت دی جا رہی ہے جس میں مسافر جدید سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ اس ہوائی اڈے سے زیادہ سے زیادہ پروازیں چلنے سے مسافروں کی ایک بڑی تعداد ہوائی ٹریفک سے فائدہ اٹھا سکے گی۔