Jadid Khabar

پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر لوگوں کا زبردست احتجاج

Thumb

نئی دہلی،24اپریل (یواین آئی)جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف پورے ملک میں زبردست غم وغصہ پایاجارہا ہے اور اس سلسلہ میں آج بڑی تعداد میں مظاہرین نے راجدھانی دہلی میں واقع پاکستان ہائی کمیشن کے باہرپرزور احتجاج کیا اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔اس حملے میں 26معصوم افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ دہلی اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان دہلی کے ڈپلومیٹک انکلیو، چانکیہ پوری میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرین جمع ہوئے جہاں پولیس فورس انھیں پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ بھاری رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔وزیر اعظم نریندرمودی کی صدارت میں کل سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی (سی سی ایس)کی میٹنگ ہوئی جس میں پہلگام حملہ کے تناظر میں ردعمل کے طورپر کئی دہائیوں پرانے سندھ طاس معاہدے کومعطل کردیاگیا اور سینئر پاکستانی سفارتی عملے کی بے دخلی جیسے سخت اقدامات کا اعلان کیاگیا۔خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کل اعلان کیا کہ دونوں ملکوں میں سفارتی مشنوں میں کمی کی جائے گی۔ ہندوستانی اور پاکستانی ہائی کمیشن اپنے اہلکاروں کی تعداد کو 55 سے کم کر کے 30 کر دیں گے جو یکم مئی تک مکمل ہو جائے گا۔ہندوستان نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تمام دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو بھی نکال دیا ہے۔ ان افراد کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مسٹر مسری نے اعلان کیا کہ ہندوستان اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن سے اپنے فوجی مشیروں کو واپس بلا لے گا۔